نیویارک11؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سنہ2011میں مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں عرب بہار یا حکومت مخالف تحریکوں سے خطے کی معیشت کو 614ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے اقتصادیات کا جائزہ لینے والے اقوامِ متحدہ کے ادارے نے اس نوعیت کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ویسٹرن ایشیاء کاکہناہے کہ انقلابی تحریکوں سے ہونے والایہ نقصان سنہ 2011سے 2015کے دوران خطے کے مجموعی جی ڈی پی کے چھ فیصدکے برابر ہے۔مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں حکومت مخالف تحریکوں کا آغاز تیونس سے ہوا تھا جس کے بعد مصر سمیت چارممالک کے سربراہانِ حکومت کا تحتہ الٹا جبکہ لیبیا، شام اور یمن میں جنگیں شروع ہو گئیں۔اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ویسٹرن ایشیاء نے یہ تخمینہ حکومت مخالف تحریکوں سے پہلے شرح نمو کی بنیاد پر لگایا ہے۔اس میں اُن ممالک کو بھی شامل کیا گیا ہے جو براہ راست سیاسی کشمکش سے متاثر نہیں ہوئے لیکن دوسرے ممالک میں جاری تحریکوں کے اثرات کی زد میں آئے ہیں۔جیسے پناہ گزینوں کی آمد، سیاحت اور ترسیلاتِ زر میں کمی وغیرہ۔اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں حکومت مخالف مظاہرے خانہ جنگی میں بدل گئے اور اُس کے بعد دوسری غیر ملکی طاقتیں اُس میں شامل ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق شام میں سنہ 2011 کی خانہ جنگی سے ملکی معیشت اور سرمایہ داروں کو مجموعی طور پر تقریباً 259ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ویسٹرن ایشیا کی رپورٹ کا کہنا ہے کہ ایسے ممالک میں جہاں سیاسی طور پر اقتدار منتقل ہوا ہے وہاں نئی حکومتیں مسائل کے حل کے لیے اصلاحات متعارف کروانے میں ناکام رہی ہیں اور یہی وہ مسائل تھے جو ملک میں انتشار کا سبب بنے تھے۔